ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں /  تینوں کالے قوانین کوفورا واپس لے حکومت، زرعی اصلاحات پر تبادلہ خیال کیلئے پارلیمنٹ کا سیشن بلایاجائے: کانگریس

 تینوں کالے قوانین کوفورا واپس لے حکومت، زرعی اصلاحات پر تبادلہ خیال کیلئے پارلیمنٹ کا سیشن بلایاجائے: کانگریس

Tue, 08 Dec 2020 21:17:05    S.O. News Service

نئی دہلی، 8 دسمبر (آئی این ایس انڈیا)زرعی قوانین کی مخالفت کرتے ہوئے کسانوں کی مختلف تنظیموں کے ذریعہ بلائے گئے ’بھارت بند‘ کی حمایت کرتے ہوئے کانگریس نے منگل کو کہا کہ مرکزی حکومت کو زرعی اصلاحات پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے پارلیمنٹ کا اجلاس فوری طور پر بلانا چاہئے۔

پارٹی کے سینئر لیڈر اور ہریانہ کے سابق وزیر اعلی بھوپندر سنگھ ہڈا نے بھی دعوی کیا ہے کہ ہریانہ کی بی جے پی-جے جے پی حکومت نے اسمبلی کے اندر عوامی حمایت اور اکثریت کھو دی ہے اور اب وہاں اسمبلی کا خصوصی اجلاس بلایا جانا چاہئے۔

ہڈا نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ اسمبلی کے خصوصی اجلاس کے بعد پہلے ہی دن عدم اعتماد کی تحریک لائی جائے گی۔ کسان تنظیموں کے ’بھارت بند‘ کے تناظر میں انہوں نے کہاکہ معاشرے کے تمام طبقات اور تنظیموں کی حمایت حاصل ہے جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ یہ ’بھارت بند‘ کامیاب رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر آج اس صورتحال میں کسان دہلی کے قریب بیٹھے ہیں تو اس کی سب سے بڑی ذمہ داری ہریانہ حکومت پر عائد ہوتی ہے، کوئی حکومت کسانوں کو دہلی آنے سے کیسے روک سکتی ہے اور وہ سردی میں پانی کی بوچھار کیسے کرسکتے ہیں؟۔ ہریانہ حکومت کے متعدد وزراء نے بھی کسانوں کی توہین کی۔

ہڈا نے دعوی کیا کہ ان قوانین کے نفاذ سے روزانہ کی بنیاد پر سبزیوں اور اناج کے ذخیرے میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ان قوانین میں کسی بہتری کی علامت نہیں ہے، اس لئے حکومت انہیں واپس لے، فوری طور پر پارلیمنٹ کا اجلاس بلایاجائے اور اس پر تبادلہ خیال کیاجائے۔ ریاستوں کو متعلقہ فریقوں سے بات کرنی چاہئے، اگر یہ کسانوں کے مفاد میں ہے تو ہم اس کا خیرمقدم کریں گے۔ہڈا نے کہاکہ کانگریس کے منشور میں اے پی ایم سی کے ذکر پر بی جے پی کے ذریعہ حقائق کو غلط انداز میں پیش کیا جارہا ہے، ہم نے منڈیوں کی توسیع کے بارے میں بات کی اور یہ کسانوں کے مفاد میں تھا۔


Share: